کابل/اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)بھارتی دہشتگرد تنظیم ‘فتنہ الہندوستان’ کا سرکردہ کمانڈر گل رحمان عرف استاد مرید افغانستان کے صوبہ ہلمند میں ہلاک ہو گیا ہے۔ یہ دہشتگرد جعفر ایکسپریس حملے سمیت متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، گل رحمان 17 ستمبر 2025 کو افغانستان میں ہلاک ہوا۔ وہ فتنہ الہندوستان مجید بریگیڈ کا ٹرینر اور آپریشنل کمانڈر تھا، جو پاکستان میں سیکیورٹی فورسز، چینی شہریوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ “یہ دہشتگرد گروہ پاکستان کے نہتے شہریوں، سیکیورٹی فورسز اور سی پیک منصوبوں کو مسلسل نشانہ بنا رہا تھا۔ گل رحمان کی ہلاکت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم کامیابی ہے۔”
بھارتی میڈیا نے بھی اس دہشتگرد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان اور افغانستان دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کارروائیوں میں تعاون بڑھا رہے ہیں۔
سیکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق گل رحمان کی ہلاکت سے فتنہ الہندوستان کی کارروائیوں کو شدید دھچکا لگے گا۔ پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے اسے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔


