سکھر(ایچ آراین ڈبلیو)سکھر پولیس نے بے زبان جانوروں پر ظلم کے واقعے میں ملوث دوسرے ملزم رسول بخش شیخ کو کامیابی سے گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ایس ایس پی سکھر اظہر خان کے سخت احکامات کے بعد عمل میں لائی گئی۔
ایس ایچ او تھانہ کندرا کی قیادت میں پولیس پارٹی نے مخفی معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ اس سے قبل پولیس نے اسی واقعے میں ملوث پہلے ملزم قربان بروہی کو صبح گرفتار کیا تھا، جس سے تفتیش جاری ہے۔
ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے پولیس کی اس بہترین کاروائی پر ٹیم کو شاباشی کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “بے زبان جانوروں پر ظلم ہمارے معاشرے کے لیے ناقابل قبول ہے اور ایسے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔”
پولیس کے مطابق تیسرے نامزد ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یہ واقعہ جنوجی میں پیش آیا تھا جہاں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا گیا تھا۔
ضلعی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے واقعات کی فوری اطلاع دیں تاکہ مجرموں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جا سکے۔ جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہا ہے۔


