90

وفاقی وزیر صحت کی تاریخی اقدام: بیٹی کو ویکسین لگوا کر پروپیگنڈے کا توڑ

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے قومی انسداد سروائیکل کینسر مہم کے دوران اپنی بیٹی رجا کمال کو حفاظتی ویکسین لگوا کر عملی مثال قائم کی ہے۔ اس اقدام کے ذریعے انہوں نے ویکسینیشن کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈے کا واضح جواب دیا ہے۔

وزیر صحت نے ویکسینیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “میں اللہ کی رضا کے لیے اپنی بیٹی کو سامنے لایا ہوں تاکہ عوام کو یقین دلایا جا سکے کہ یہ ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے۔ ہر لڑکی کو اس کی حفاظتی خوراک ضرور لگوانی چاہیے۔”

انہوں نے بتایا کہ پاکستان دنیا کا 191 واں ملک بن گیا ہے جہاں یہ ویکسین متعارف کرائی گئی ہے۔ کئی اسلامی ممالک میں یہ ویکسین پہلے ہی کامیابی سے استعمال ہو رہی ہے۔ وزیر نے زور دے کر کہا کہ “دنیا بھر میں 2006 سے یہ ویکسین دستیاب ہے اور اس نے لاکھوں خواتین کی جان بچائی ہے۔”

قومی انسداد سروائیکل کینسر مہم کا مقصد ملک بھر میں 9 سے 14 سال کی لڑکیوں کو اس مہلک بیماری سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ وزیر صحت نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بھرپور شرکت کریں اور اپنی بچیوں کو اس زندگی بچانے والی ویکسین ضرور لگوائیں۔

یہ اقدام صحت عامہ کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت قرار دی جا رہی ہے جس سے خواتین میں کینسر کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابی کی امید پیدا ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں