راولپنڈی میں ہولناک واقعہ: سات سالہ بچی کی قبر سے چھیڑچھاڑ، ماموں گرفتار

راولپنڈی (ایچ آراین ڈبلیو)دھمیال علاقے میں سات سالہ بچی کی قبر سے مبینہ چھیڑچھاڑ کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے قبر کی بے حرمتی کے ملزم غلام رسول کو گرفتار کر لیا ہے، جو متوفی بچی کا سگا ماموں ہے۔

واقعہ 28 اگست کو سامنے آیا تھا، جب مقامی افراد نے بچی کی قبر میں غیر معمولی حرکات کا شکایت کی۔ پولیس کے مطابق، ملزم واقعہ کے بعد روپوش ہو گیا تھا، جسے بعد ازاں ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ اس نے جادو ٹونے کے مقاصد کے لیے قبر کھودی تھی اور پھر دوبارہ قبر تیار کی تھی۔ فرانزک نمونے لاہور لیبارٹری بھیجے گئے ہیں، جن کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد لاش کی بے حرمتی کے حتمی شواہد کا تعین کیا جا سکے گا۔

پولیس نے ملزم کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے، جسے 23 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ملزم کے خلاف تھانہ دھمیال میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔

مقامی برادری نے اس واقعے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے اور فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر نہ جائیں اور تفتیشی عمل میں تعاون کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں