اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان نے اپنے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے انفراسٹرکچر کو عرب ممالک کے علاقائی ادائیگی نیٹ ورک ‘بونا’ سے مربوط کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ یہ قدم پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان معاشی یکجہتی کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ نظام عرب مانیٹری فنڈ (اے ایم ایف) کے زیر نگرانی کام کرتا ہے جس کا بنیادی مقصد بین الاقوامی ادائیگیوں کے عمل کو جدید، محفوظ اور کم خرچ بنانا ہے۔ اس اشتراک کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے گھر پیسے بھیجنے کا عمل مزید تیز اور آسان ہو جائے گا۔
حکام کے مطابق، اس شراکت کا موجودہ فوکس صرف “آمدنی” (Inflows) پر ہوگا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے پیسے ملک میں زیادہ مؤثر طریقے سے بھجوا سکیں گے، لیکن اس نظام کے تحت ملک سے رقم کی بیرون ملک منتقلی (Outflows) کی اجازت نہیں ہوگی۔
ماہرین معاشیات کے مطابق یہ اقدام ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے، بین الاقوامی ادائیگیوں کے اخراجات میں کمی لانے اور خطے کے ساتھ معاشی انضمام کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ یہ پاکستان کی عرب ممالک کے ساتھ گہرے اقتصادی تعلقات استوار کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔


