کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے والے شہریوں کی گاڑیاں بند کر دیں گے، ان کا چالان بھی ہوگا، حراست میں بھی لیا جاسکتا ہے۔
بارش اور سیلابی صورت حال کے دوران ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہر کا دورہ کیا، اور پولیس کے جوانوں کی جانب سے شہریوں کی مدد کرنے کو سراہا، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ موسلا دھار بارش کے دوران شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس اور ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ واضح کیا جاتا ہے کہ جو شہری بند کی گئی سڑکوں یا ڈائیورٹ کیے گئے راستوں کا غیر ضروری طورپر استعمال کرتے ہوئے پائے گئے، ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا یا انہیں حراست میں بھی لیا جا سکتا ہے۔
پہلی بار کراچی پولیس نے گھروں سے نکلنے پر شہریوں کو حراست میں لینے کا انتباہ جاری کیا ہے، جو حیران کن ہے۔


