58

اسرائیل بدمست ہاتھی بن گیا، قطر کی آگ ٹھنڈی ہونے سے قبل ہی یمن پر بھی شدید بمباری، 35 ہلاک 130 زخمی

صنعا (ایچ آراین ڈبلیو) اسرائیل عرب دنیا کا بدمست ہاتھی بن گیا، ابھی قطر پر حملہ کرکے اسرائیل کو سکون نہیں ہوا تو آج اس نے یمن میں بھی شہری آبادی کو نشانہ بنا دیا

میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے یمنی دارالحکومت صنعا پر شدید بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 35 افراد کے جاں بحق اور ا130 سے زاید کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، حملے میں اسرائیل کے 10 طیاروں نے حصہ لیا اور 30 سے زائد بم اور میزائل داغے گئے۔اسرائیلی طیاروں نے صنعا میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا جن میں فوجی کیمپ، ایندھن کے ذخائر اور وزارت دفاع کی عمارت شامل ہیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملے آپریشن رنگنگ بیلز کے تحت کیے گئے اور ان میں حوثیوں کو ایک اور دردناک دھچکا دیا گیا ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی پہنچ دور تک ہے اور شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

حوثی مسلح افواج نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فضائی دفاع نے کئی زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل فائر کیے اور کچھ اسرائیلی طیاروں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔ حوثی زیر انتظام المسیرہ ٹی وی کے مطابق حملوں میں صنعاء کے جنوب مغرب میں ہیلتھ سیکٹر کی ایک طبی سہولت اور الجوف کے دارالحکومت الحزم میں مقامی حکومت کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔

حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے الزام لگایا کہ اسرائیل گروپ کو غزہ کی حمایت سے دستبردار کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے، تاہم انہوں نے عہد کیا کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ رکنے تک اسرائیل کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اسرائیل بارہا یمن پر بمباری کر چکا ہے، جس میں اہم ہوائی اڈہ بھی شامل ہے، جس سے شہری ہلاک اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے مزید حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ آج یمن میں کیے گئے حملے چند روز قبل اسرائیل کے رامون ایئرپورٹ پر حوثی ڈرون حملے کے جواب میں تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں