خیبرپختونخوا(ایچ آراین ڈبلیو)اسمبلی نے اصحاب رسول ﷺ کی گستـاخی میں ملوث افراد کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے وطن واپس لانےکی قرارداد متفقہ طورپرمنظورکرلی۔صوبائی اسمبلی کااجلاس اسپیکر بابر سواتی کی سربراہی میں ہوا، جے یو آئی (ف) کے رکن اسمبلی عدنان وزیر نے سوشل میڈیا پر گستـاخانہ الفاظ استعمال کرنے کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گستـاخانہ الفاظ استعمال کرنے والے کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے مدینہ منورہ کی سرزمین پر غلیظ الفاظ استعمال کیے، معاملہ وفاقی حکومت، محکمہ داخلہ اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو بھیجا جائے، جب کہ اسمبلی کی جانب سے جوائنٹ انویسٹیگیشن کی جائے۔
عدنان وزیر نے مزید کہا کہ اسمبلی سیکریٹریٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ مشترکہ درخواست دیں، ملزم کو قانونی طور پر کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا، اس حوالے سے سعودی عرب میں بھی قانونی کارروائی کی سفارش کی جائے، جس کے لیے وفاقی حکومت کو باضابطہ خط لکھنے کی ضرورت ہے۔
جے یو آئی (ف) کے رکن کا کہنا تھا کہ گسـتاخانہ بیان پر ہاؤس کی سطح پر سخت ردعمل دینا ہوگا، وفاقی اداروں کو شامل کرکے بین الاقوامی کارروائی کی جائے اور ملزم کے خلاف ایکسٹریڈیشن یا قانونی کارروائی کی جائے، کیوں کہ یہ معاملہ پوری قوم کے جذبات کا ہے، گسـتاخانہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
بعد ازاں، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سواتی نے کہا کہ اس معاملے پر جوائنٹ قرارداد لائی جائے، صوبائی وزیر قانون نے جوائنٹ قرارداد لانے کی حمایت کردی۔
اسپیکر صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ یہ اہم نوعیت کا مسئلہ ہے، کروڑوں مسلمانوں کے جذبات اس معاملہ سے جڑے ہیں، اس پر متفقہ قراداد پیش کی جائے۔بعد ازاں، جمعیت علما اسلام (ف) کے رکن اسمبلی محمد ریاض نے مشترکہ قرارداد پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری نے سوشل میڈیا پر صـحابہ کرام کی شان میں گسـتاخی کی، صـحابہ کـرام کی شان میں گسـتاخی سے تمام مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ ملزم کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، بعد ازاں ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔


