خیبرپختونخوا(ایچ آراین ڈبلیو)ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند PSP کا طورہ وڑی قلعہ کا تفصیلی دورہ، فرنٹیئر کانسٹیبلری کی جوانوں کے حوصلے کو خراجِ تحسین اور ریاست مخالف عناصر کو کسی بھی صورت برداشت نہ کرنے کا اعلان
ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند PSP نے آج علاقائی گشت کے دوران طورہ وڑی میں واقع فرنٹیئر کانسٹیبلری کے قلعہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن عبدالصمد خان PSP، ایس پی آپریشن اسد زبیر خان، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر محمد دیار خان اور ایس ایچ او دوابہ عمران الدین خان بھی ہمراہ تھے۔
چند روز قبل اسی قلعہ پر دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا تھا، جسے فورسز نے شیر دلی اور جرات مندی کے ساتھ ناکام بنایا۔ ڈی پی او خان زیب مہمند PSP نے قلعہ میں تعینات جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے واضح اور دو ٹوک پیغام دیا کہ وہ ہر وقت چوکس، الرٹ اور پوری قوت کے ساتھ تیار رہیں تاکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔
ڈی پی او خان زیب مہمند PSP نے کہا کہ ریاست مخالف عناصر کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ان کی ہر مذموم حرکت کو آہنی ہاتھوں سے کچلا جائے گا اور ان کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جوانوں کے حوصلے، عزم اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد چاہے کسی بھی شکل یا روپ میں سامنے آئیں، ہنگو پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی جانوں کی قربانی دے کر بھی عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔


