کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو)بلوچستان کے 2 اضلاع میں پیش آنے والے دو علیحدہ واقعات میں ایک طرف تربت میں ہونے والے دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہو گئے، جبکہ خاران میں غیرت کے نام پر لڑکا اور لڑکی کو قتل کر دیا گیا۔تربت میں گاڑی کے اندر دھماکہ، متعدد افراد زخمی پولیس حکام کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے تربت کے نواحی مقام نوانو میں پیر کے روز ایک گاڑی میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی موقع پر طلب کر لیا گیا ہے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب ضلع خاران کے علاقے گردینہ میں غیرت کے نام پر ایک لڑکا اور لڑکی کو قتل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیا، جس میں سیاہ کاری کے الزام میں دونوں کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتارا گیا۔
قتل ہونے والے نوجوان کی شناخت غلام نذر اور لڑکی کی شناخت شا کی کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کی لاشیں ضروری ضابطے کی کارروائی کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال خاران منتقل کر دی گئی ہیں۔
*پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں اس نوعیت کے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں، جن پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔


