سانگھڑ(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید کی جانب سے ضلع میں جاری انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے آج صبح سویرے سنجھورو تعلقہ کے مختلف سینٹرز کا دورہ کیا اور فیلڈ میں نکلنے والی ٹیموں کا جائزہ لیا وہاں موجود بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے اور انہیں جوس اور ٹافیاں بھی دیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سنجھورو جویریہ اشرف بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھیں ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ جاری انسدادِ پولیو مہم کی موثر نگرانی کی جارہی ہے اور ضلع کے تمام خارجی و اندرونی راستوں پر ٹرانزٹ پوائنٹ قائم کرکے دیگر اضلاع سے آنے والے بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو جیسی موذی اور اپاہج کردینی والی بیماری سے محفوظ بنانے کے لیے انہیں ہر مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں اور اپنے پیارے بچوں کو ایک صحت مند اور محفوظ مستقبل فراہم کریں۔ دوری کے دوران ڈپٹی کمشنر نے تعلقہ سنجھورو میں قائم مختلف سینٹر کا بھی دورہ کیا اور یوسی ایم اوز اور دیگر محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ویکسین کی کول چین برقرار رکھنے کے مناسب اہتمام کریں اور تمام ٹیموں کی نگرانی کریں کہیں بھی کوئی بچہ رہ نہ پائے۔ دوسری جانب تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی اپنے اپنے علاقے میں فیلڈ میں جاکر جاری مہم کا جائزہ لیا۔


