مردان(ایچ آراین ڈبلیو)گزشتہ روزضلع مہمند میں سرچ اینڈ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے کانسٹیبل محمد عارف خان شہادت کے اعلیٰ مرتبے پر فائز ہوگئے تھے۔ شہید کا نمازِ جنازہ آج ان کے آبائی گاؤں تحت بھائی میں عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کیا گیا۔
نمازِ جنازہ میں ریجنل پولیس آفیسر مردان جواد قمر، پولیس کے اعلیٰ حکام، علاقہ عمائدین اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ شہید کو پولیس اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔
نمازِ جنازہ کے بعد آر پی او مردان جواد قمر شہید کے گھر گئے، جہاں انہوں نے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر آر پی او مردان نے کہا کہ شہید کانسٹیبل محمد عارف جیسے بہادر جوان ہماری قوم کا حقیقی فخر ہیں۔ ان کی قربانی اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس ہر حال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سینہ سپر ہے۔ شہداء کی یہ لازوال قربانیاں ہمارے حوصلوں کو مزید بلند کرتی ہیں اور ہمیں اپنے مشنِ امن میں استقامت عطا کرتی ہیں۔ ہم اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کو یقین دلاتے ہیں کہ پولیس فورس ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی، کیونکہ شہداء کی امانت ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے-


