لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)تین ملکی ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے تین ملکی ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فاتحانہ آغاز کردیا۔
شارجہ کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے 3 ملکی ٹی 20 سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مد مقامل آئیں۔ جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی 19.5 اوورز میں 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی بیٹنگ پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا تاہم ابتدائی اوورز میں ہی پاکستان کو پہلا نقصان صاحبزادہ فرحان کی صورت میں ہوا جو 10 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد صائم ایوب اور فخر زمان نے اننگز کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن صائم ایوب 14 اور فخر زمان 20 رنز بنا سکے جبکہ حسن نواز بھی صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اور پاکستان کا اسکور 11ویں اوورز میں 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 83 ہوگیا۔
اس موقع پر کپتان سلمان علی آغا اور آل راؤنڈر محمد نواز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 28 گیندوں پر 53 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ محمد نواز 11 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ایک طرف سے وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری طرف سے کپتان سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر ناقابل شکست 53 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
محمد حارث اور فہیم اشرف نے بھی سلمان علی آغا کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے بالترتیب 15، 14 رنز بنائے۔
سلمان علی آغا کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 182 رنز کرنے میں کامیاب رہی اور افغانستان کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا۔
افغانستان کی جانب سے فرید احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں تاہم وہ سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے اور 47 رنز دے بیٹھے جبکہ راشد خان، مجیب الرحمان، محمد نبی اور عظمت اللہ عمرزئی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


