61

سندھ پیپلز ہاؤسنگ اسکیم کے تحت تعمیر ہونے والے مکانات کی پیش رفت کا جائزہ

سجاول(ایچ آراین ڈبلیو) ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند کی زیر صدارت سیلاب متاثرین کے لیے سندھ پیپلز ہاؤسنگ اسکیم کے تحت تعمیر ہونے والے مکانات کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز و مختیارکارز اور ڈسٹرکٹ مینیجر این آر ایس پی تشکیل عباس نے شرکت کی۔ اجلاس میں متعلقہ بینکوں کی جانب سے رقم کی فراہمی میں سست روی اور اسٹیٹ لینڈ پر تعمیر کئے گئے گھروں کے مستحقین کو اسناد کی تقسیم کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند نے متعلقہ بینکوں کی جانب سے سیلاب متاثرین کو گھروں کی تعمیر کی مد میں رقم کی فراہمی میں ست روی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ متعلقہ بینک مینیجرز اور تحصیل سطح پر مقرر این آر ایس پی افسران سے ملاقات کرکے رقم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں جلد ایک جامع رپورٹ پیش کی جائے تاکہ مزید حکمت علمی تشکیل دی جا سکے۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ اسٹیٹ لینڈ پر تعمیر ہونے والے گھروں کا سروے کرکے جلد رپورٹ پیش کی جائے تاکہ متارین کو اسناد جاری کرکے انہیں مالکانہ حقوق دیئے جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گھروں کی تعمیر میں درپیش تمام مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ قبل ازیں اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ مینیجر این آر ایس پی نے بتایا کہ مختلف بینکوں کے ذریعے 18,789 متاثرین کے اکاؤنٹس میں رقم منتقل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں سیلاب متاثرین کے لیے کل 33,323 گھروں کی تعمیر کا منصوبہ ہے، جس کے تحت اب تک 3,962 گھر مکمل تعمیر ہو چکے ہیں جبکہ باقی گھروں کی جلد تعمیر کیلئے کوشاں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں