اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ایف آئی اے کو ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ جرائم پیشہ عناصر ایف آئی اے کے نام سے واٹس ایپ پر جعلی اور من گھڑت ایف آئی آر ارسال کر کے ہراساں کرتے ہیں۔
جعلی ایف آئی آر میں شہریوں کو نامزد کر کے خوف و ہراس میں مبتلا کیا جا تا ہے۔ علاوہ ازیں، یہ عناصر فرضی اور گمراہ کن نام استعمال کر کے خود کو ایف آئی اے اہلکار ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے پیغامات میں شہریوں کو “سائبر کرائمز اور دہشتگردی” جیسے سنگین الزامات لگا کر بلیک میل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ایف آئی اے کسی بھی فرد کو اس نوعیت کے پیغام واٹس ایپ کے ذریعے نہیں بھیجتا۔
عوام الناس سے گزارش ہے کہ کسی بھی مشکوک پیغام یا رابطے کی شکایت نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی کو درج کرائیں جو کہ سائبر کرائم کی تحقیقات کے لئے مجاز ایجنسی ہے۔
جعلی پیغامات سے ہوشیار رہیں، اور اپنے ذاتی و مالیاتی معلومات کو ہرگز شیئر نہ کریں۔ مزید معلومات کے لئے ایف آئی اے ہیلپ لائن 1991 پر رابطہ کریں۔


