کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شہر میں دوبارہ تیز بارش کے امکان کے پیش نظر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تمام SSP صاحبان ضلع جات اور SP صاحبان ٹریفک کو ہنگامی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ترجمان کے مطابق افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہیں اور سابقہ بارش کے دوران جن مقامات پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات پیش آئیں، وہاں تھانہ اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے تاکہ بروقت شہریوں کی مدد ہو سکے۔
مزید کہا گیا ہے کہ اگر ضرورت پیش آئے تو شہریوں کی گاڑیوں کو نشیبی علاقوں میں جانے سے قبل متبادل اور محفوظ راستوں پر بھیجا جائے تاکہ کسی بھی گاڑی کے پھنسنے کا خدشہ نہ رہے۔ ساتھ ہی فوری طور پر نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ہدایات کے مطابق زونل DIG صاحبان اور DIG ٹریفک بذاتِ خود انتظامات کی نگرانی کریں گے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال پر قابو پانے کے لیے بروقت کارروائی یقینی بنائیں گے۔


