بنوں(ایچ آراین ڈبلیو)سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی جانی خیل کےعلاقوں ،ممتان خیل اورملک شاہی میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی، چار خوارج جہنم واصل ہوگئے-
اطلاعات کے مطابق 21 اگست کو سیکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقوں ممتان خیل اور ملک شاہی میں خوارج کے خلاف کلیئرنس آپریشن کا آغاز کیا۔
آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے مابین شدید جھڑپیں ہوئیں، جس میں پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کو عبرتناک انجام تک پہنچاتے ہوئے چار خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ دشمن اپنے ساتھیوں کو چھوڑ کر پسپا ہونے پر مجبور ہوا۔
سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کی لاشیں، ان کے اسلحے اور گولہ بارود سمیت قبضے میں لے کر مقامی ہیڈ کوارٹر منتقل کیا، جہاں شناخت کا عمل جاری ہے۔
بعد ازاں 22 اگست کی رات دشمن نے اپنے مذموم عزائم کے تحت دوبارہ سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم پاک فوج کے بہادر جوانوں نے بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان کے تمام منصوبے ناکام بنا دیے۔
یہ کامیابیاں اس حقیقت کا واضح ثبوت ہیں کہ پاک فوج ہر محاذ پر پوری ثابت قدمی اور عزم کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا رہی ہے۔
ممتان خیل اور ملک شاہی کے عوام کا تعاون بھی اس جدوجہد میں نمایاں ہے، جو پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اپنے علاقے میں امن اور استحکام قائم رکھنے کے عزم کا اظہار کر رہے ہیں۔یہی عوام اور افواجِ پاکستان کی مشترکہ کاوشیں ہیں جو دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ایک پرامن مستقبل کی ضمانت ہیں۔


