51

گلیشیئر پھٹنے سے سیلاب نے تباہی مچادی، متعدد دیہات زیر آب

غذر(ایچ آراین ڈبلیو)گلگت بلتستان کےضلع غذر میں گلیشیئر پھٹنے کے باعث آنے والے سیلاب نے ایک بار پھر تباہی مچا دی۔ضلعی انتظامیہ کابتاناہےکہ لینڈسلائیڈنگ سےگلگت شندورروڈ مکمل طورپربند ہو گیا ہے، تالی داس نالہ میں لینڈ سلائڈنگ دو اطراف سے ہوئی، لینڈسلائڈنگ سے راؤشن گاؤں کی آبادی محصور ہوگئی۔

وزیرداخلہ جی بی شمس لون کاکہناہےکہ سیلاب نے غذر میں ایک بار پھر تباہی مچادی ہے تاہم ابھی تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔انہوں نےبتایا کہ کچھ لوگوں کےپھنسنےکی اطلاع ہے جنہیں ریسکیو کے لیے ہیلی کاپٹر طلب کر لیا گیا ہے، کمانڈر FCNA کی طرف سے ہنگامی بنیادوں پر ہیلی کاپٹر روانہ کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کا بتانا ہے کہ غذر میں گوپس کا علاقے تلی داس کے مقام پر گلیشیئر پھٹ گیا ہے، گلیشیئرپھٹنے سے سیلابی صورتحال اور تباہی ہوئی۔

فیض اللہ فراق کا کہنا ہے سیلاب سے متعدد دیہات زیر آب آگئے،شدید مالی نقصان ہوا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا، دریا کا بہاؤ رکنے کے باعث مزید نقصانات کا خدشہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گلیشیئر پھٹنے سے پانی ایک جھیل کی صورت اختیار کرگیا ہے، متصل دیہات زیرآب آنے کاخدشہ ہے، 50 سے زائد افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں