54

انجمن تاجران سندھ کا اجلاس،سندھ کوآفت زدہ قراردینےاورتاجروں کوریلیف دینے کا مطالبہ

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)انجمن تاجران سندھ کے مرکزی صدر وقار حمید میمن کی ہدایت پر ڈویژن حیدرآباد کے صدر صلاح الدین غوری کی قیادت میں آج بروز جمعرات انجمن تاجران ضلع حیدرآباد کے دفتر میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن اور ضلعی سطح کے تمام عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس میں شریک رہنماؤں نے متفقہ طور پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید حافظ عاصم منیر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹسوری سے پرزور مطالبہ کیا کہ صوبہ سندھ کو فوری طور پر آفت زدہ قرار دیا جائے۔

تاجر رہنماؤں نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں نے سندھ بھر کے تاجروں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ دکانوں، گوداموں اور تجارتی مراکز کو شدید نقصان ہوا ہے، جس کے باعث تاجر برادری معاشی بدحالی کا شکار ہے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا ازالہ کریں اور ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے۔

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ تاجروں کو بجلی کے بلوں اور دیگر سرکاری واجبات میں رعایت دی جائے تاکہ وہ اپنے کاروبار دوبارہ بحال کر سکیں۔ تاجروں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سندھ کے بڑے سیاسی و مذہبی رہنما اور عوامی نمائندے اس مشکل گھڑی میں تاجر برادری کا ساتھ دیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کریں۔

انجمن تاجران کے رہنماؤں نے خاص طور پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹسوری سے اپیل کی کہ صوبے کو آفت زدہ قرار دینے کا فوری اعلان کریں اور بجلی کی فراہمی کو بحال کرایا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں دوبارہ چل سکیں۔

اجلاس میں جنرل سیکرٹری امجد آرائیں، عبدالسلام شیخ، ساجد حسین سولنگی اظہر شیخ علی رضا آرائیں ، محمد علی شیخ، محمد علی راجپوت، اشفاق قریشی، سعید الدین طاہر آرائیں اور کوآرڈینیٹر محفوظ خان زئی سمیت دیگر عہدیداران شریک ہوئے۔ تمام رہنماؤں نے مشترکہ طور پر کہا کہ سندھ کے تاجروں کے نقصان کی تلافی ریاست کی ذمہ داری ہے، لہٰذا حکومت فوری اقدامات کرے اور تاجر برادری کو معاشی ریلیف فراہم کرے تاکہ وہ پریشانیوں سے نجات پا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں