اسکردو(ایچ آراین ڈبلیو)جگلوٹ،سکردو روڈ پر حالیہ سیلاب اور شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) کے آپٹیکل فائبر کو 9 مختلف مقامات سے شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں بلتستان ریجن میں انٹرنیٹ اور ایس کام سروس متاثر ہوئی۔
سخت موسمی حالات اوردشوارگزارراستوں کے باوجود ایس سی او کے آفیسران انجینئرز اور ٹیکنیشنز نے دن رات محنت کرکے کئی کلومیٹر پر محیط مختلف مقامات پر متاثرہ فائبر کو جوڑنے کا عمل مکمل کیا، جس کے بعد کمیونیکیشن سروسز کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا۔
ایس سی او ترجمان کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر اور پولز دریا برد ہوگئے جس سے انفراسٹرکچر کو بھاری نقصان پہنچا۔ تاہم ادارہ قدرتی آفات اور دیگر چیلنجز کے باوجود بلاتعطل سروسز کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور مستقبل میں بھی صارفین کو جدید اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


