آزاد کشمیر(ایچ آراین ڈبلیو)دارالحکومت مظفر آباد کی تحصیل نصیر آباد میں کلاوڈ برسٹ سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور فلیش فلڈنگ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
ضلع باغ میں تیز بارش سے ندی نالے بپھر گئے، سماہنی کے بھمبر نالے میں اونچے درجے کا سیلاب آگیا جس کے نتیجے میں سیاحوں کی گاڑی بہہ گئی جس کے بعد تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ سیلابی صورت حال کے پیش نظر ضلع باغ میں کل تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ جہلم ویلی، سماہنی، ہٹیاں بالا اور وادی نیلم میں بھی پانی کےبہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ۔ادھر گلگت بلتستان میں بارش، لینڈسلائینڈنگ اور سیلاب کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر 3 افراد جاں بحق جبکہ 3 لاپتہ ہوگئے، دیامر میں بہن بھائی سیلابی ریلےمیں بہہ گئے جبکہ شاہراہ بابوسر پر لینڈنگ کی زد میں آکر ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر پگھلنے سے حسن آباد نالے کے دونوں اطراف کٹاؤ کا سلسلہ جاری ہے ، انتظامیہ نے مکانوں کو خالی کرنے کا نوٹس دے دیا جس کے بعد حسن آباد کے مکینوں نے گھر خالی کرنا شروع کردیے۔سیلاب سےفصلوں، مکانات، اسکول اور زرعی اراضی کو بھی شدید نقصان ہوا، حکومت گلگت بلتستان نے جگہ جگہ ایمرجنسی نافذ کردی۔


