بہاولپور کے نواب نے پاکستان کے پہلے بجٹ کیلئے قائداعظم کی مالی مدد کی

بہاولپور(ایچ آراین ڈبلیو) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ تحریک استقلال 1979ء سے اپنے منشور میں شامل کرکے ملک کو ڈویژن کی سطح پر انتظامی صوبوں میں تقسیم کرکے تمام وسائل واختیارات انتظامی صوبوں کوتفویض کرنے کامطالبہ کرتی چلی آرہی ہے۔عوام کےمسائل کاحل انتظامی صوبوں کےقیام میں مضمرہے۔ وفاق صرف دفاع‘ خزانہ‘ داخلہ اور مواصلات کی وزارتیں اپنے پاس رکھ کر باقی تمام امور انتظامی صوبوں کے حوالے کرے اور صوبے بھی اختیارات ووسائل کی یونین کونسل سطح تک منصفانہ تقسیم کریں تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں۔ اس کے لئے پارلیمنٹ سے متفقہ آئین سازی کے ذریعے ملک کے ہر ڈویژن کو انتظامی صوبہ قرار دے کراختیارات ووسائل کی مناسب تقسیم کا فارمولہ منظور کرکے عملدرآمد کرے۔ماضی کے بہترین بلدیاتی نظام کوملک بھرمیں نافذکرکے ہرصورت بروقت بلدیاتی انتخابات غیرجماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔ ماضی میں ایسا بلدیاتی نظام رائج کیا گیا تھا کہ اراکین قومی اسمبلی نے استعفے دے کر ضلع ناظم بننے کو ترجیح دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بہاولپور کی تاریخ بہت پرانی ہے اور پاکستان کے پہلے بجٹ کے لئے نواب بہاولپور نے قائداعظم کی مالی مدد کی تھی۔ بہاولپور ریاست کی اپنی کرنسی اور اسمبلی تھی اور یہ علاقہ خوشحالی میں اپنی مثال رکھتا تھا۔ ون یونٹ کے قیام کے قت بہاولپور کی عوام سے وعدہ کیا گیا تھا کہ جب بھی صوبے بحال کئے گئے تو بہاولپور کو علیحدہ صوبہ بنایا جائے گا۔ یحیٰی خان نے ون یونٹ کے خاتمے اور صوبوں کے قیام کے وقت بہاولپور کی عوام سے وعدہ خلافی کی۔ سب سے پہلا صوبہ بنائے جانے کا حق بہاولپور کا ہے اور ہر سیاسی جماعت اپنے انتخابی منشور میں اس نکتے کو شامل کرکے ووٹ لیتی ہے لیکن اقتدار میں پہنچ کر اپنا یہ وعدہ بھول جاتی ہے۔ بہاولپور صوبہ بنائے جانے سے ملکی یکجہتی مزید مضبوط ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈویژنوں کو انتظامی صوبہ بناکر اس کی اپنی ہائی کورٹ بنائی جائے اور ہر ڈویژن میں سپریم کورٹ کا بنچ بنایا جانا چاہئے۔ اس وقت لوگ انصاف کے لئے سینکڑوں کلومیٹر کا سفر طے کرکے دور دراز بڑے شہروں میں جاتے ہیں لیکن وہاں کیس کی شنوائی ہونے کے بجائے سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی جاتی ہے اورعام آدمی کو تیسری چوتھی نسل تک انصاف نہیں مل سکتا۔ اسی طرح بڑے شہر اختیارات و وسائل پر قابض ہیں جبکہ چھوٹے شہروں کا استحصال کیا جارہا ہے۔ ہر ڈویژن کو انتظامی صوبہ بنانے سے ملک مزید مضبوط ہوگا۔ امریکہ میں ہر ایک کروڑ آبادی کو الگ ریاست بنایا گیا ہے اور چند امور وفاق کے پاس ہیں باقی تمام امور میں ریاستیں خودمختار ہیں۔امریکہ اسی لئے بھی دنیا کی سپرپاور ہے کہ وہاں کی عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں