چوآ سیدن شاہ(ایچ آراین ڈبلیو)چوآ سیدن شاہ کے مین بازار میں ناجائز تجاوزات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مونسپل کمیٹی کی عدم توجہی اور ناقص حکمت عملی کے باعث دکانداروں نے اپنی دکانوں کے شٹر سے باہر ٹھیلے، ریڑھیاں، میزیں اور دیگر سامان رکھ کر فٹ پاتھ اور سڑکوں پر قبضہ جما رکھا ہے، جس کے باعث بازار کے اندر راہ چلنا بھی محال ہو چکا ہے۔شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بازار میں رش کے اوقات میں گزرنا کسی امتحان سے کم نہیں۔ خواتین، بزرگوں، بچوں اور مریضوں کو چلنے میں شدید دشواری کا سامنا ہوتا ہے، جبکہ اکثر اوقات تلخ کلامی اور جھگڑوں کی نوبت بھی آتی ہے۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ متعدد بار مونسپل کمیٹی کو شکایات کی گئیں لیکن تاحال کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ لگتا ہے کہ انتظامیہ نے تجاوزات مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں یا پھر جان بوجھ کر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر چکوال، اور اسسٹنٹ کمشنر چوآ سیدن شاہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ناجائز تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ بازار کی اصل شکل بحال ہو اور عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔


