اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)نیپرا نے ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 1.89 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھیج دیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق یہ کمی اپریل تا جون 2025 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں منظور کی گئی، بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکڑک سمیت تمام ڈسکوز صارفین پر ہوگا۔
نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق اگست تا اکتوبر 2025 کے 3 ماہ کےلیے ہوگا اور بجلی صارفین کو اس کمی سے 55 ارب 87 کروڑ 40 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا، بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق لائف لائن اور پری پیڈ صارفین پر نہیں ہوگا۔
بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی کرنے کی درخواست کی تھی، نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر 4 اگست کو سماعت کی تھی۔
نیپرا نے کراچی کے سوا باقی ملک کے لیے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بھی بجلی سستی کردی ہے۔نیپرا کی جانب سے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 78 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی جون 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سستی کی گئی ہے، صارفین کو کمی کا ریلیف اگست کے بلوں میں ملے گا، بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکڑک صارفین پر نہیں ہوگا۔


