کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) امام خمینیؒ کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے 27 رمضان المبارک جمعہ الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جائے گا جبکہ پاکستان کی مرکزی ریلی نمائش تا تبت سینٹر 3 بجے سہ پہر تحریک آزادی القدس پاکستان کے تحت نکالی جائے گی، حکومت پاکستان یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، مظلومین فلسطین آج فتح کے نزدیک تر ہیں اور اسرائیل بربادی کے دہانے پر ہے، فلسطینی مقاومتی فورسز نے ثابت کردیا کہ مزاحمت میں عزت،وقار اور کامیابی ہے، فلسطینیوں کی فتح ملت اسلامیہ کی فتح ہے،آج اگر مسئلہ فلسطین زندہ ہے تو اس کے پیچھے امام خمینیؒ، رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای ،شہید سردار قاسم سلیمانی ، شہید سید حسن نصراللہ، شہید یحییٰ سنوار اور بیشمار مجاہدین کا بنیادی کردار ہے کہ جنہوں نے اپنے خون سے اس مقاومتی تحریک کو زندہ رکھا، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مسلمان قبلہ اول کو غاصب صیہونی ریاست سے آزاد دیکھیں گے، پاکستان میں دہشت گردی کے خطرات کے باعث یوم القدس کی ریلیوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے جو پچھلے سالوں میں بہترین انداز میں سرانجام دیا گیا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ موجودہ حالات کے پیش نظر حکومتی انتظامیہ یوم القدس کی ریلی کے روٹ پر سیکورٹی سمیت دیگر اقدامات کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ریجن کے صدر سروش رضا زیدی نے مجلس و حدت مسلمین کراچی کے صدر مولانا صادق جعفری، رکن مرکزی نظارت آئی ایس او پاکستان مولانا عقیل موسیٰ ، بزرگ عالم دین مولانا مرزا یوسف حسین ، سیکرٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن ڈاکٹر صابر ابو مریم ، صدر مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان علامہ نثار قلندری ، جنرل سیکرٹری جعفریہ الائنس شبر رضا ، جنرل سیکرٹری ہیت آئمہ مساجد مولانا اصغر شہیدی سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امام خمینی نے جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دیا، فلسطینی مجاہدین کی ہر طرح سے مدد کی اور فلسطین کے مسئلہ کو ایک عالمی تحریک بنایا، امام خمینی جانتے تھے کہ اسرائیل کو محض فلسطین تک محدود رہنے کیلئے مسلط نہیں کیا گیا ہے بلکہ اسرائیل عالم اسلام پر قبضہ چاہتا ہے، اسی لئے امام خمینی نے شروع سے اسرائیل کے خلاف جدوجہد شروع کی اور آج دنیا میں بسنے والا ہر مظلوم فلسطین کی آزادی کیلئے سینہ سپر ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ قدس امت مسلمہ کا قلب ہے اور اسرائیل اس پر خنجر کی مانند ہے،دنیا بھر کے مسلمانوں پر واجب ہے کہ قبلہ اول کے تقدس و تحفظ اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں صدائے احتجاج بلند کریں، ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب اسرائیل کا ناپاک وجود صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔مقررین نے مزید کہا کہ ایسے وقت میں کہ جب ایک طرف مغربی دنیا سے فلسطین کے حق میں توانا آواز بلند ہورہی ہے تو دوسری جانب پاکستان کے شہریوں کا اسرائیل کا دورہ تشویشناک ہے، حکومت وقت ان تمام افراد کو فی الفور گرفتار کرے اور ان کے خفیہ نیٹ ورک کو آشکار کرے، پاکستان کے عوام قبلہ اول کی آزادی کیلئے ہم آواز اور سینہ سپر ہیں اور اسرائیل کی حمایت میں کسی بھی اقدام کیخلاف میدان میں موجود ہیں۔ اسرائیل سے کسی بھی قسم کے روابط قائد اعظم محمد علی جناح اور مسلمانان جہاں سے غداری ہے۔ نے مزید کہا کہ مسلمان حکمران اگر غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے قبلہ اول پر چڑھائی کرنے والوں سے جرات مندانہ انداز اختیار کرتے تو آج فلسطین کا نقشہ مختلف ہوتا،اپنی بقا ءکے لیے فلسطین کے مسلمانوں نے ایک طویل اور صبر آزما جنگ لڑی ہے،جن مسلمان حکمرانوں نے اپنے اسلامی نظریات پر اسرائیل و امریکہ کی تابعداری کو مقدم رکھا ہے تاریخ ان کی اس سیاہ کاری کو کبھی معاف نہیں کرے گی،دنیا بھر کے باشعور و با ضمیر افراد یوم القدس کے موقع پر مظلوم کی حمایت اور ظالمین سے اپنی نفرت کا برملا اظہار کرتے ہیں،اس سال کا یوم القدس سید المقاومت سید حسن نصراللہ سے منسوب ہے اور انشااللہ ملک بھر میں ہزاروں عاشقان بیت المقدس اپنے گھروں سے نکل شہید سیدحسن نصراللہ سے اظہار یکجہتی کریں گے اور اپنا تجدید عہد کریں گے۔


