حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) ڈی آئی جی پولیس آفس حیدرآباد رینج کے عباس کانفرنس ہال میں لیگل برانچ اور انسپکٹر لیگل آف حیدرآباد رینج کے زیرِ اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس جناب طارق رازق دھاریجو نے کی۔ اجلاس میں ڈی ایس پی لیگل وزیر ببر، انسپکٹر لیگل سعید خان (ریڈر ٹو ڈی آئی جی پی)، اور مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ڈی ایس پیز و انسپکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد پولیس افسران کی قانونی مہارتوں میں بہتری، مقدمات کے اندراج و تفتیش کے عمل کو جدید قانونی تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنا، اور خاص طور پر نارکوٹکس کے مقدمات میں نئے قانون کے مطابق پراسیکیوشن کو مؤثر بنانے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔
لیگل برانچ کے افسران نے شرکاء کو منشیات کے مقدمات سے متعلق تازہ ترین قوانین، تفتیشی مراحل، ثبوت کے تقاضے، اور عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کے اصولوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ خاص طور پر نئے قوانین کے تحت آئی اوز کو ان کی ذمہ داریوں اور قانونی پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں سوال و جواب کا سیشن بھی رکھا گیا، جس میں افسران نے درپیش قانونی چیلنجز، تفتیشی خامیوں اور پراسیکیوشن کی کمزوریوں پر گفتگو کی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی ٹریننگز کا تسلسل وقت کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس جناب طارق رزاق دھاریجو نے کہا کہ “ہر کیس کی تفتیش کو میرٹ پر مکمل کیا جائے تاکہ مجرم قانون کی گرفت میں آئیں اور بے گناہوں کو فوری انصاف میسر ہو۔ نارکوٹکس کیسز میں مضبوط شواہد اور قانونی تقاضوں کے مطابق تفتیش کے بغیر کنویکشن ممکن نہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی ایس پی لیگل اور انسپکٹر لیگل کی زیرِ نگرانی، تفتیشی افسران کو نئے قوانین سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے تاکہ پولیس کیسز عدالتوں میں مضبوطی سے پیش کیے جا سکیں۔


