نوشکی سانحہ ٹرک اڈہ کے شہداء کے لواحقین فاقہ کشی کا شکار،حکومت بلوچستان سےامداد کا مطالبہ

نوشکی(ایچ آراین ڈبلیو) رخشان سوشل فورم کے صدر کامریڈ جمیل احمد بلوچ نے اپنے ایک بیان میں حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ ٹرک اڈہ نوشکی کے شہداء کے اہل خانہ کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس سانحے کو ایک طویل عرصہ بیت چکا ہے، لیکن تاحال حکومت نے متاثرہ خاندانوں کی کوئی داد رسی نہیں کی، جس کی وجہ سے وہ شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔

کامریڈ جمیل بلوچ نے بتایا کہ سانحے میں جان کی بازی ہارنے والے تمام افراد کا تعلق محنت کش اور کمزور معاشی طبقے سے تھا۔ آج ان کے پسماندگان انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل میونسپلٹی کے ڈرائیور محمود احمد کی بیٹی شدید علیل ہو گئی، لیکن مالی وسائل کی کمی کے باعث بروقت علاج ممکن نہ ہو سکا۔ دیگر متاثرہ خاندان بھی اسی طرح کی سنگین مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، یہاں تک کہ بعض گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آن پہنچی ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام سے پُرزور اپیل کی کہ وہ انسانی ہمدردی کے تحت فوری طور پر شہداء کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان کریں تاکہ وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں اور باعزت زندگی گزار سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں