سانگھڑ(ایچ آراین ڈبلیو)سانگھڑ میں شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے ایس ایس پی سانگھڑ عابد علی بلوچ کی قیادت میں ایک شاندار ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ڈی سی سانگھڑ محترمہ سارہ جاوید نے خصوصی شرکت کی۔ یہ ریلی سانگھڑ پولیس اسٹیشن سے شروع ہو کر یادگار شہداء پولیس لائن سانگھڑ پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کا مقصد شہداء پولیس کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنا اور یہ پیغام دینا تھا کہ قوم اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ریلی میں پولیس افسران اور جوانوں سمیت سیاسی، سماجی، سوشل تنظیموں کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔یادگار شہداء پر حاضری، سلامی اور پھول نچھاورکئے-
ریلی کے بعد یادگارِ شہداء پر حاضری دی گئی، جہاں ایس ایس پی سانگھڑ، ڈی سی سانگھڑ اور دیگر افسران نے یادگار پر سلامی پیش کی اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
اس کےبعد پولیس لائن مسجد میں فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا، جس میں شہیدوں کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ایس ایس پی سانگھڑ نے دیگر افسران کے ہمراہ شہید پولیس کانسٹیبل خدا بخش تالپر کی قبر واقع جھول پر حاضری دی۔ پھول نچھاور کئے اور فاتحہ خوانی کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا مانگی۔ اس موقع پر شہید خدا بخش کے فرزند سے ملاقات کی اور ان کو درپیش مسائل معلوم کیے اور موقع پر موحود افسران کو تاکید کی کہ شہداء کی فیملیز سے بھرپور تعاون کیا جائے۔
تقریب کا اختتامی حصہ بڑے کھانے پر مشتمل تھا، جو شہداء کے اہل خانہ کے اعزاز میں منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی سانگھڑ عابد علی بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمارے بہادر شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ پولیس فورس اور پوری قوم ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوششیں کرے گی۔ ایس ایس پی نے مزید کہا کہ شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ہم ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر شہداء کے اہل خانہ نے پولیس کی طرف سے اس اقدام کو سراہا اور ایس ایس پی سانگھڑ کا شکریہ ادا کیا۔ یہ تقریب شہداء کے بلند حوصلے اور ان کے اہل خانہ سے یکجہتی کا ایک شاندار اظہار تھی۔


