کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی سید شارق جمال نے ملیر میں واٹر ٹینکر حادثے کے مقام کا دورہ کیا اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ان کے گھر جاکر ملاقات کی، انہیں دلاسہ دیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ڈمپر اور ٹینکر مافیا کی بدمعاشی حکومتی نااہلی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ بے لگام ڈرائیور روزانہ قیمتی جانوں کا خون بہا رہے ہیں، مگر سندھ حکومت خواب غفلت میں مبتلا ہے۔
“کراچی میں انسانی جان کی قیمت کیا رہ گئی ہے؟ سڑکوں پر لاشیں گر رہی ہیں اور حکمران سب اچھا ہے کی بانسری بجا رہے ہیں!” سید شارق جمال نے کہا کہ یہ حادثہ سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت کا واضح ثبوت ہے، جو کراچی کی سڑکوں کو موت کا کنواں بنا چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان مظلوموں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، انصاف کے حصول کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی اور ٹینکر مافیا کے خلاف سخت اقدامات کے لیے دباؤ ڈالے گی۔
سید شارق جمال نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ “ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اور قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ سندھ حکومت کے مجرمانہ رویے پر خاموش نہیں رہیں گے”
ایم کیو ایم پاکستان شہریوں کی حفاظت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور حکومت کو بے گناہ جانوں کے ضیاع کا حساب دینا ہوگا۔


