چارسدہ (ایچ آراین ڈبلیو) پڑانگ پولیس کی کامیاب کارروائی: اسلحے کی نوک پر لوٹ مار کرنے والا گروہ گرفتار، پڑانگ پولیس کی موثر حکمت عملی، موبائل فون اور نقدی چھیننے والا گروہ بے نقاب، سرغنہ سمیت چار ملزمان گرفتار، لوٹی گئی رقم، موبائل فون اور اسلحہ برآمد، مزید تفتیش جاری۔
رپورٹ کے مطابق 21 مارچ 2025 کو مدعی محمد سلمان سے چار نامعلوم ملزمان نے اسلحے کی نوک پر نقد رقم اور موبائل فون چھین لیا۔ واقعے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر نے ڈی ایس پی سٹی زرداد علی خان کی سربراہی میں ایس ایچ او پڑانگ احمد جان، سی آئی او سلیم خان اور دیگر افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی۔
پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت سے کارروائی کرتے ہوئے چاروں ملزمان شاہد ولد دلاور خان، ابراہیم ولد الہی دین، شیرین ولد محمود شیر اور طیب ولد نہارگل ساکنان شابڑہ ماجوکے کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی نشاندہی پر 2 لاکھ 70 ہزار روپے نقد، ایک موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔
ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ چارسدہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔


