حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)ضلع حیدرآباد میں جشن آزادی 2025 اور معرکۂ حق کی تقریبات کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب کے طور پر شھباز بلڈنگ سے پوسٹ ماسٹر جنرل چوک تک شاندار ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے کی۔
ریلی میں چاروں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی پولیس و ٹریفک افسران، ڈی ایچ او حیدرآباد، بلدیاتی داروں کے نمائندے، محکمہ ثقافت اور محکمہ سماجی بہبود.مختلف این جی اوز جن میں بھائی خان ویلفیئر ۔سونی دھرتی یوتھ کونسل ۔پاک سوشل ویلفیئر سوسائٹی سمیت متعدد اداروں کے افسران و ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ اس کے علاوہ خواتین، اساتذہ، اور اسکول کے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بینرز اور پینا فلیکس تھامے وطن سے محبت اور دشمن ملک کے خلاف عزم کا اظہار کیا۔ فضاء جشنِ آزادی اور “معرکۂ حق” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے کہا کہ رواں برس مئی کے مہینے میں دشمن ملک کو شکست دے کر ہم نے تاریخ کا ایک عظیم معرکہ سر کیا۔ اب پاکستان اپنی 78ویں سالگرہ منانے جا رہا ہے، جس کی مناسبت سے یکم سے 14 اگست تک حیدرآباد میں جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کی تقریبات کو قومی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کا کہنا تھا کہ ان تقریبات میں فیسٹیولز، میراتھن ریس، کرکٹ ٹورنامنٹ اور ایک ہزار بچوں پر مشتمل قومی پرچم کی تشکیل جیسے دلکش پروگرام شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 4 اگست کو یومِ شہداء اور 5 اگست کو یومِ استحصال کشمیر بھی بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، جس میں خصوصی تقریبات اور ریلیاں شامل ہوں گی.
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے میڈیا سے خصوصی درخواست کی کہ وہ ان تقریبات کی بھرپور کوریج کریں، کمپین کے طور پر چلائیں، تاکہ دنیا کو دکھایا جا سکے کہ حیدرآباد کے زندہ دل عوام وطن سے محبت کا جذبہ رکھتے ہیں اور قومی دن بھرپور طریقے سے منا رہے ہیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ یکم تا 14 اگست حیدرآباد میں ہونے والی تقریبات کو مثالی اور یادگار بنایا جائے گا تاکہ ہر شہری اس میں فخر اور خوشی کے ساتھ شریک ہوسکے۔


