کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرمشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سپرہائی وے، سہراب گوٹھ، گڈاپ ٹاؤن اور ناردرن بائی پاس سے مال بردار گاڑیوں کو لوٹنے اور ڈرئیواروں کو اغوا کرنے میں ملوث 6 ملزمان فہیم اللہ مروت، جواد سواتی، زین اللہ مروت،شعیب، محمد عباس سواتی اور اللہ داد عرف قاری بشیر عرف قاری سید نور (افغانی) کو گر فتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک عد د308بور رائفل بمعہ3عدد میگزین، ایک عد د 12بور رائفل بمعہ2عدد میگزین، 3عدد پستول بمعہ ایمونیشن اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا ایک عدد موٹر سائیکل برآمد کر لیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان گزشتہ چند ماہ سے کراچی سے اندرون ملک سامان لے جانے والی مال بردار گاڑیوں کو علاقہ سپرہائی وے، سہراب گوٹھ، گڈاپ ٹاؤن اور ناردرن بائی پاس سے ڈرائیور سمیت اغوا ء کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیتے اور قیمتی سامان کواتارنے کے بعد خالی مال بردار گاڑیوں کو کراچی میں کسی نامعلوم مقامات پر چھوڑجاتے تھے۔ پاکستان رینجرز (سندھ) اور ضلع ملیر پولیس کی اسپیشل ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے وارداتوں میں ملوث اور مسروقہ سامان مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت پر خرید وفروخت کرنے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کا گروہ 20/25ڈکیتوں پر مشتمل ہے۔ گرفتار ملزمان متعدد وارداتوں میں کراچی کے مختلف تھانہ جات کو مطلوب تھے۔
گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور موٹر سائیکل مزید قانونی کاروائی کے لیئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔


