جرگےکےحکم پرقتل کی جانیوالی شادی شدہ خاتون کی قبر کشائی آج کی جائے گی

پنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)جرگےکےحکم پرقتل کی جانیوالی شادی شدہ خاتون کی قبر کشائی آج کی جائے گی-خاتون کے قتل کی اطلاع اسی دن مل گئی تھی، ملزمان نے پولیس کو گمراہ کرنیکی کوشش کی-پولیس کے مطابق خاتون کے قتل کا حکم جرگے کے سربراہ عصمت اللہ نے دیا تھا جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

عصمت اللہ نے مقتولہ کا جنازہ بھی خود ہی پڑھایا اور خاتون کے دوسرے شوہر عثمان نے بھی خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔خاتون اور عثمان کا نکاح 12 جولائی کو مظفر آباد میں ہوا ، مقتولہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہو کر مرضی سے نکاح کا بیان بھی دیا تھا جب کہ مقتولہ نے یہ بھی بتایا تھا کہ پہلا شوہر اسے زبانی طلاق دے چکا ہے۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا کہ راولپنڈی میں غیرت کے نام پر لڑکی سے متعلق اطلاع اسی دن مل گئی تھی کہ ایک لڑکی کی غیر فطری ) موت ہوئی ہے تاہم اہلخانہ نے پولیس کا دھیان ہٹانے کے لیے 3 دن بعد اغوا کی درخواست دی۔

سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ خاتون کو گھر میں قتل کرکے اسی رات شدید بارش کے دوران اسے دفنایا گیا اور قبرکا نشان تک بھی مٹایا گیا تھا مگر پولیس نے قتل کا پتا لگایا، جب ملزمان کو تفتیش کا شک ہوا تو اس پر سے دھیان ہٹانے کے لیے پہلی شادی اور اغوا وغیرہ کی باتیں کی گئیں مگر یہ سیدھا سیدھا قتل کا کیس ہے۔

واضح رہے کہ 17 اور 18 جولائی کی درمیانی شب راولپنڈی کے پیر ودھائی تھانے کی حدود میں شادی شدہ خاتون کو گلہ دبا کر قتل کر دیا گیا تھا اور پھر راتوں رات تدفین بھی کر دی گئی تھی۔

خاتون کے قتل کے معاملے میں اب تک 8 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جب کہ مقتولہ کے دوسرے شوہر عثمان نے گزشتہ رات خود کو پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

مقتولہ کے دوسرے شوہر عثمان کے والد محمد الیاس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے گھر والے اسے رخصتی کا بتا کر لےکر گئے اور پھر دو روز بعد اطلاع ملی کہ لڑکی کو قتل کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں