41

بیرسٹرمرتضیٰ وہاب صدیقی کا وعدہ وفا،نئی حب کینال کا افتتاح 14 اگست 2025 کو ہوگا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر حکومتِ سندھ اور میئر کراچی و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کراچی کے شہریوں کے لیے ایک انقلابی اور تاریخی تحفے کا اعلان کر دیا ہے۔

حب کینال کی از سر نو تعمیر اور نئی حب کینال کا منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرلیا گیا ہے جس کا باقاعدہ افتتاح 14 اگست 2025 کو کیا جائے گا۔نئی حب کینال کا منصوبہ نہ صرف ایک ترقیاتی کام ہے بلکہ یہ شہریوں کے لیے اُمید، خوشحالی اور پائیدار ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔

اس منصوبے کی مجموعی لاگت 12.72 ارب روپے ہے جس کے تمام اخراجات سندھ حکومت نے ادا کیے۔منصوبے کا آغاز 5 دسمبر 2024 کو کیا گیا تھا جبکہ اس کی تکمیل کی حتمی تاریخ 4 دسمبر 2025 مقرر کی گئی تھی تاہم میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی کی ذاتی دلچسپی نگرانی اور عزم کے باعث یہ منصوبہ صرف 9 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کرلیا گیا جو ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔

نئی حب کینال کی تکمیل کے بعد کراچی کو حب سے یومیہ 40 کروڑ گیلن اضافی پانی کی فراہمی ممکن ہو جائے گی۔اس سے قبل حب کینال کی خستہ حالی کے باعث یومیہ 40 کروڑ گیلن پانی ضائع ہو جاتا تھا جبکہ اصل کوٹہ یومیہ 100 کروڑ گیلن تھا۔نئی کینال کی فعالیت سے شہر میں پانی کے بحران پر مؤثر قابو پایا جا سکے گا۔

مزید برآں، میئر کراچی کی ہدایت پر پرانی حب کینال کی بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے جس کی تکمیل کے بعد یومیہ مزید 100 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔اس منصوبے سے سائٹ، اورنگی، سرجانی، بلدیہ اور کیماڑی سمیت دیگر رہائشی علاقوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

حب کینال منصوبہ شہرِ قائد کے لیے ایک لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی بروقت تکمیل میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی کی قیادت وژن اور خلوصِ نیت کا عملی ثبوت ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سربراہی میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے جو کارنامہ سرانجام دیا ہے وہ آنے والے وقتوں میں شہر کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں