بلوچستان(ایچ آراین ڈبلیو)تفتان کے راستے ایران داخل ہونے کی کوشش کرنے والے بنگلہ دیش کے 33 شہری گرفتارہوگئے- تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ایسے 33 بنگلہ دیشی باشندوں کو گرفتار کیا ہے جو پاکستان، ایران کی سرحد کو عبور کر کے پاکستان سے ایران داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
بلوچستان کے علاقے تفتان میں پاکستان، ایران سرحد پر یہ کارروائی ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کی جانب سے کی گئی ہے۔ایف آئی اے کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے اور یہ رواں سال جون اور جولائی کے مہینوں میں وزٹ ویزے پر پاکستان آئے تھے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ماشکیل بارڈر (ضلع چاغی) سے کراسنگ کی کوشش کی تاہم اس موقع پر جب ان سے قانونی دستاویزات طلب کی گئیں تو وہ تسلی بخش جواب پیش نہ کر سکے۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔


