44

دہرے قتل میں پیش رفت،مقتولہ بانوبی بی کی والدہ کوگرفتارکرلیا

کوئٹہ(ایچ آراین دبلیو)دہرے قتل کے معاملے میں اہم پیش رفت، کوئٹہ پولیس نے مقتولہ بانو بی بی کی والدہ کو گرفتار کرلیا-بلوچستان میں مرد اورخاتون کےقتل کےمعاملےمیں اہم پیش رفت سامنےآئی ہے جب کہ پولیس نے مقتولہ بانو بی بی کی والدہ کو گرفتار کرلیا۔رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں دہرے قتل کے معاملے میں کوئٹہ پولیس نے مقتولہ بانو بی بی کی والدہ کو گزشتہ رات گرفتار کیا۔

آج بانوبی بی کی والدہ کوانسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیاجہاں پولیس نےعدالت سےان کا2روزہ ریمانڈ دینےکی استدعا کی۔عدالت نے بانو بی بی کی والدہ کو 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز خاتون کا بیان سامنے آیا تھا جس میں اس نے کہا تھا کہ بیٹی بانو کو بلوچی رسم و رواج کے مطابق سزا دی گئی، ہمارے لوگوں نے کوئی ناجائز فیصلہ نہیں کیا، ہم نے لڑکی کو قتل کرنے کا فیصلہ سردار شیر باز ساتکزئی کے ساتھ نہیں، بلکہ بلوچی جرگے میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپیل کرتی ہوں کہ سردار شیر باز ساتکزئی اور دیگر گرفتار افراد کو رہا کیا جائے۔مقدمے میں نامزد مقتولہ کا بھائی تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا، اس کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔مقدمے میں نامزد ملزم سردار شیر باز ساتکزئی کو گزشتہ روز مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

یاد رہے کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈیگاری میں عیدالاضحیٰ سے 3 روز قبل خاتون اور مرد کو سرعام قتل کیا گیا تھا، واقعے کی ویڈیو 3 روز قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لینے لیا تھا اور متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں