اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ہائیکورٹ نے توہین مذہب کے الزامات پر کمیشن تشکیل دینے کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا، مذہبی جماعتوں کے کارکنان کا جشن-اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین مذہب کے الزامات پر کمیشن تشکیل دینے کے فیصلے پر عملدر آمد روک دیا۔ دینی ومذہبی جماعتوں نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس خادم حسین اور جسٹس اعظم خان نے حکم جاری کرتے ہوئے کمیشن کی تشکیل کاجسٹس سردار اعجاز اسحاق کا فیصلہ معطل کر دیا۔راؤ عبدالرحیم ایڈووکیٹ نے کمیشن کی تشکیل کےخلاف انٹراکورٹ اپیل دائرکی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے توہینِ مذہب کے مقدمات کی تحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دینے کی درخواستوں پر سماعت کی تھی اور درخواستیں منظور کرتے ہوئے حکومت کو کمیشن تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو 30 دن میں کمیشن تشکیل دینے کا حکم دیا اور کہاکہ وفاقی حکومت کا تشکیل کردہ کمیشن 4 ماہ میں اپنی کارروائی مکمل کرے۔


