غزہ (ایچ آراین ڈبلیو) فلسطین کی نمائندہ تنظیم حماس نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ غزہ کا غیر انسانی محاصرہ ختم کروائے، عرب اور اسلامی ممالک غزہ میں جاری وحشیانہ مظالم روکنے کے فوری اقدامات کریں،
صہیونی قابض فوج مسلسل ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غزہ کے نہتے شہریوں، بچوں، خواتین اور بزرگوں پر وحشیانہ حملے کر رہی ہے۔ قابض افواج رہائشی علاقوں، گھروں اور پناہ گزین مراکز پر اندھا دھند بمباری میں مصروف ہیں۔ اس بدترین نسل کشی کے نتیجے میں شہداء کی تعداد چھ سو تیس سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ غزہ مکمل محاصرے میں زندگی کی تمام بنیادی ضروریات جیسے خوراک، پانی، ادویات اور ایندھن سے محروم ہے۔
اس قتلِ عام میں اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کی حکومت کی جانب سے انسانی اقدار، بین الاقوامی قوانین اور جنگی ضوابط کی بے مثال خلاف ورزیاں جاری ہیں، جو عالمی برادری اور انسانیت کے لیے ایک کھلا چیلنج ہے۔
ہم عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور بالخصوص سلامتی کونسل سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پہچانیں اور غزہ میں جاری ان وحشیانہ مظالم اور انسانیت سوز جرائم کو روکنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کریں۔
ہم اپنی عرب اور اسلامی دنیا، حکومتوں، عوام، اور تنظیموں سے پُرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنا تاریخی کردار ادا کریں، غزہ پر مسلط غیر انسانی محاصرہ ختم کرانے، اور جاری ظلم و بربریت کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔


