لطیف آباد میں حیسکو کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد

حیدرآباد (ایچ آراین ڈبلیو) حق پرست رکن قومی اسمبلی این اے 219 لطیف آباد حیدرآباد پروفیسر انجینئر عبدالعلیم خانزادہ نے لطیف آباد اور اپنے حلقہ میں عوام کی شکایات کا جائزہ و انہیں دور کرنے کے لئے اعلی حکام پاور ڈویژن کے ذریعے حیسکو کی جانب سے محمود گارڈن، لطیف آباد نمبر 2 میں ایک کھلی کچہری منعقد کی گئی، جہاں ون ونڈو آپریشن کے ذریعے شہریوں کے بجلی کے بلوں سے متعلق مسائل سنے گئے اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے گئے۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی و ممبر قائمہ کمیٹی پاور ڈویژن سید وسیم حسین، ایم پی اے صابر حسین قائم خانی، حیسکو چیف، ڈسٹرکٹ ممبران، ٹاؤن انچارجز، یوسی انچارجز اور ایم کیو ایم پاکستان حیدرآباد کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔پروفیسر عبدالعلیم خانزادہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش بجلی کے مسائل کے حل کے لیے اس طرح کے اقدامات ضروری ہیں تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے حیسکو حکام کو ہدایت دی کہ شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور غیر ضروری اضافی بلنگ جیسے معاملات کا فوری نوٹس لیا جائے۔حق پرست رکن قومی اسمبلی این اے 220 سید وسیم حسین اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی انجینئر صابر حسین قائم خانی نے بھی شہریوں کے مسائل سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کو فوری طور پر حل کروایا جائے گا۔ حیسکو چیف نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اور متعدد شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا گیا۔ عوام نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے اقدامات جاری رہیں گے تاکہ ان کے مسائل بروقت حل ہوسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں