حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)ڈائریکٹر جنرل شاہمیر بھٹو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی ہدایات پر حیدرآباد ریجن میں خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کے انہدام کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ایس بی سی اے کی جانب سے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو باضابطہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عمارتوں کے مکینوں کو پہلے ہی نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈیمولیشن ڈرائیو کے دوران پولیس فورس اور لیڈی پولیس کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ڈیمولیشن ڈرائیو 19 جولائی سے شروع ہوگی اور 1 اگست 2025 تک جاری رہے گی۔
ایس بی سی اے حکام کا کہنا ہے کہ ان عمارتوں کے مکینوں کو بارہا نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں لیکن وہ خالی کرنے پر آمادہ نہیں ہوئے۔ کسی بڑے حادثے سے بچنے کے لیے یہ ڈیمولیشن کارروائی ناگزیر ہے۔ کارروائی کے دوران پولیس، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی موجودگی بھی یقینی بنائی جائے گی۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایس بی سی اے اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔


