خاران(ایچ آراین ڈبلیو)خاران بلوچستان کے ضلع خاران میں اتوار کے روز ریڈ زون میں قائم ڈی آئی جی رخشان آفس کو یکے بعد دیگرے تین بم حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق، خاران شہر میں واقع شیخ مسجد کے قریب ڈی آئی جی آفس کے آس پاس یکے بعد دیگرے تین دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے، ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر خاران سول ہسپتال منتقل کیا۔
ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے دونوں افراد مقامی مزدور ہیں جو ڈی آئی جی آفس کے قریب اپنے کام میں مصروف تھے کہ اچانک دھماکوں کی زد میں آ گئے۔
خاران کا ڈی آئی جی آفس شہر کے حساس ترین علاقے میں واقع ہے اور اسے ریڈ زون کا درجہ حاصل ہے، جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر و ایم پی اے میر شعیب نوشیروانی نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایچ او سٹی کے ہمراہ ہسپتال کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ سے مکمل بہترین علاج معالجے کی ہدایات دیں۔


