وہاڑی،جناح روڈ پر ناجائز تجاوزات مافیا دوبارہ سرگرم، شہریوں کو شدید مشکلات

وہاڑی(ایچ آراین ڈبلیو) شہر کی مصروف ترین شاہراہ جناح روڈ پر ناجائز تجاوزات مافیا ایک بار پھر متحرک ہوگئی ہے۔ بڑے بڑے ہوٹلز، ڈرنک کارنرز اور آئس کریم بارز کے مالکان نے 15 سے 20 فٹ تک روڈ پر قبضہ جما لیا ہے، جس سے شہریوں کو گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ شام سے پہلے ہی دکانوں کے باہر سڑک پر کچن، باربی کیو چولہے، میز، کرسیاں اور پھٹے لگا دیے جاتے ہیں۔ اس صورتحال میں نہ صرف ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے بلکہ دھول مٹی اور آلودگی کے باعث سڑک کنارے کھانے والے افراد مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق سڑک کی دوسری طرف کھانا لے جانے والے ویٹرز اکثر موٹر سائیکل اور گاڑیوں سے ٹکرا جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں روزانہ جھگڑے معمول بن چکے ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ مافیا سڑک کو اپنی جاگیر سمجھتا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے تجاوزات کے خلاف جاری کردہ احکامات کا بھی مذاق اُڑایا جا رہا ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر اور کمشنر ملتان سے فوری نوٹس لیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جناح روڈ پر قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ناجائز تجاوزات کو فوری طور پر ختم کر کے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے

اپنا تبصرہ بھیجیں