لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)وزارتِ ہاؤسنگ و تعمیرات اور فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے درمیان ’’بلڈ پاکستان ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس 2025‘‘ کے مشترکہ انعقاد کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط ہو گئے ہیں۔ اس شراکت داری کا مقصد پاکستان میں ہاؤسنگ، انفراسٹرکچر اور تعمیراتی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا، معاشی ترقی کو فروغ دینا، اور پائیدار شہری ترقی کے اصولوں کو اپنانا ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارتِ ہاؤسنگ و تعمیرات میں منعقد ہوئی۔ فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای او سلیم خان تنولی اور وزارت کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد اشفاق گھمن نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ اور سیکریٹری ہاؤسنگ حامد یعقوب شیخ بھی موجود تھے۔
بلڈ پاکستان ایگزیبیشن، لیٹس بلڈ ٹو گیدر کے عنوان سے یہ نمائش 2025 سے چار مراحل میں منعقد کی جائے گی۔ اس سلسلے کا پہلا ایونٹ اکتوبر 2025 میں لاہور ایکسپو سینٹر میں متوقع ہے۔ نمائش اور کانفرنس کا بنیادی محور ہاؤسنگ، شہری بحالی، انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی ہوگا۔
اس ایونٹ میں نجی و سرکاری شعبوں، بین الاقوامی اداروں، اور مقامی و غیر ملکی کمپنیوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ چیمبرز آف کامرس، صنعتی ایسوسی ایشنز، اور تجارتی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے شرکت کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ نمائش میں سرکاری منصوبوں، جدید ٹیکنالوجی، تعمیراتی مواد اور پائیدار ماڈلز کی نمائندگی کے لیے مخصوص پویلینز بھی قائم کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان کی تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لیے اہم ہے بلکہ یہ حکومت کے ترقیاتی وژن سے بھی ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد عوام کے لیے کم لاگت ہاؤسنگ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ، سی پیک منصوبوں کی پیشرفت اور خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی کو تیز تر بنانا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای او سلیم خان تنولی نے اس اقدام کو پاکستان میں جدید انفراسٹرکچر اور کم لاگت ہاؤسنگ کے فروغ کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔


