کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ کے وزیر ایکسائز مکیش چاؤلہ نے کہا ہے کہ حکومت گاڑیوں پر اجرک والی نمبر پلیٹ لگانے کا فیصلہ کسی صورت واپس نہیں لے گی۔
سندھ کےوزیر ایکسائز مکیش چاؤلہ نےکہا کہ فیوچرز نمبر پلیٹ (اجراک والی نمبر پلیٹ) تمام موٹر سائیکل اور گاڑی رکھنے والوں کو لگانا ہوں گی۔ سندھ حکومت یہ فیصلہ کسی صورت واپس نہیں لے گی۔
مکیش چاؤلہ کا کہنا تھا کہ اجرک ہماری سندھ کی ثقافت ہے، کسی کو کیوں تکلیف ہو رہی ہے۔ نمبر پلیٹ میں مزار قائد اور سندھ حکومت کا لوگو بھی موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیوچرز نمبر پلیٹ 2021 سے جاری کر رہے ہیں، لیکن کچھ لسانی لوگوں نے اجرک نمبر کا معاملہ اٹھایا اور فیوچرز نمبر پلیٹ کو اجرک کا رنگ دے کر لسانیت پھیلائی گئی۔
دوسری جانب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعت ایم کیو ایم کے اراکین نے اجرک نمبر پلیٹ کو عوام کو لوٹنے کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس کو مسترد کر دیا ہے۔اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ نمبر پلیٹ کے نام پر عوام کو لوٹنے کا نیا طریقہ ناقابلِ قبول ہے۔ حکومت سندھ نے پولیس اور ٹریفک پولیس کے ذریعے شہریوں پر بھاری جرمانے عائد کر کے ان کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کا نیا طریقہ اپنایا ہے۔ حکومت سندھ اس لوٹ مار کو بند کرے، ورنہ احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔


