عوام رمضان المبارک کے مہینے میں بھی پانی،بجلی اورگیس سمیت مختلف مسائل سے دوچار ہیں ٗ منعم ظفر خان

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو))امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی میں مسائل ان لوگوں کے پیدا کردہ ہیں جو گزشتہ 17سال سے کراچی سمیت سندھ پر قابض ہیں،پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت شہر کے لوگوں کو ان کا حق دینا نہیں چاہتی، کراچی کے عوام رمضان المبارک کے مہینے میں بھی پانی،بجلی اورگیس سمیت مختلف مسائل سے دوچار ہیں،بدقسمتی سے سحری اور افطار کے اوقات میں بھی بجلی اور گیس فراہم نہیں کی جاتی، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کی نااہلی اور کرپشن نے کراچی کے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے، ہم پر ایسے حکمرانوں کو مسلط کیا گیا ہے جنہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں، یہی وجہ ہے کہ شہر میں بیڈ گورننس نظر آرہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ گلزار ہجری کے تحت عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بڑی تعداد میں بچوں اور بچیوں کی روزہ کشائی کا اہتمام کیا گیا۔ دعوت افطار میں علاقہ مکینوں نے فیملی کے ہمراہ بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر امیرجماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر، ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد ودیگر بھی موجود تھے۔منعم ظفر خان نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائدے سندھ حکومت کی طرف سے وسائل اور اختیارات نہ دینے کے باوجود اپنی بساط بھر کوششوں سے شہریوں کو ریلیف دینے کی کوششیں کررہے ہیں،شہر کے 25ٹاؤنز میں سے 9ٹاؤنز جماعت اسلامی کے پاس ہیں، جماعت اسلامی کی ٹیم امانت داری کے ساتھ کام کررہی ہے،جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے اختیارات و وسائل سے بڑھ کر خدمت سر انجام دے رہے ہیں،جماعت اسلامی نے ڈیڑھ سال کے مختصر وقت میں 120سے زائد پارکس بحال کیے،کھیلوں کے میدان آباد کیے،ماڈل محلے اور ماڈل گلیوں کے تصور کے ساتھ ساتھ اوپن ایئر جم بھی بنائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کا مہینہ نزول قرآن کا مہینہ ہے، روزہ عبادت کا نام ہے اور ایسی عبادت جس کے ذریعے مسلمانوں میں تقوی پید ہوسکے،انسان بھوکا، پیاسا رہ کر خواہشات نفس کی قربانی اسی لیے دیتا ہے تاکہ اللہ راضی ہوجائے۔ قرآن زندگی کے ہر شعبے میں انسانوں کی رہنمائی کرتا ہے،تقویٰ کی زندگی کامیابی کی زندگی ہے اور یہی زندگی اللہ تعالیٰ کو انسانوں سے مقصود ہے۔#

اپنا تبصرہ بھیجیں