کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ 6 کینالز والے اشیو پر سب سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی، سندھ حکومت اور ہماری لیڈر شپ نے آواز بلند کی اور اس اشیو کو عوام کے سامنے لائے ہیں۔ ہمارے مخالفین بلا جواز آج ہم پر تنقید کرتے ہیں کہ ہم کینالز کے اشیوز پر بات نہیں کرتے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ۔کینالز کے اشیوز پر سب سے پہلے آواز ہم نے اٹھائی تھی اور بات ہم نے شروع کی تھی۔ ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ سندھ کی تمام جماعتیں جو اس پر احتجاج کررہی ہیں وہ ٹھیک کررہی ہیں۔ لیکن ہم پر جو اعتراضات اٹھائے جارہے ہیں وہ غلط اٹھائے جارہے ہیں۔ اس وقت اس پر بجائے اس کے کہ سندھ کی سیاسی جماعتیں، سندھ کے لوگ تقسیم ہوں ہمیں ایک ہونا چاہیے۔ سیاسی اور نظریاتی اختلافات سے بالاتر ہوکر سندھ کے مفادات پر بات کرنا چاہیے اور ایک آواز ہوکر بات کرنا چاہیے۔ 4 اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر کراچی سے جیالے اور کارکنان ہزاروں کی تعداد میں گڑھی خدا بخش پہنچیں گے اور اپنے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ڈسٹرکٹ ایسٹ کی جانب سے منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس و افطار پارٹی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلٰی سندھ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساندھ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے تمام عہدیداران، تمام ٹائونز و یوسی کے چیئرمینز و وائس چیئرمینز اور کونسلرز، تمام ذیلی تنظیموں کے عہدیداران و کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سعید غنی نے کہا کہ اس سال 4 اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر لاڑکانہ گڑھی خدا بخش میں منعقد ہونے والے جلسہ میں کراچی سے جیالوں کی ایک بہت بڑی تعداد گڑھی خدا بخش پہنچیں گی اور ہم اپنے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑیں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ گذشتہ برس 27 دسمبر کو بھی کراچی سے کارکنان و جیالوں کی ایک بہت بڑی تعداد گڑھی خدا بخش میں جلسہ میں شریک تھی اور ہم نے اپنی ماضی کی روایتوں کو قائم رکھتے ہوئے ایک ہی جگہ پر بیٹھ کر نہ اس جلسہ میں شرکت کی بلکہ اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین کے خطاب سنیں تھے اور اس بار بھی 4 اپریل کو ہم اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس جلسہ میں بھرپور شرکت اور اپنے قائدین کے خطاب آخر تک بیٹھ کر سنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار دریائے سندھ پر 6 کینال بنانے کے اشیو پر جو اس وقت ایک بہت بڑا اشیو بنا ہوا ہے اس پر قائدین خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 6 کینال صوبہ سندھ کا ایک بڑا اشیو اور اس پر پاکستان پیپلز پارٹی، سندھ حکومت اور ہماری قیادت بھرپور انداز میں اپنے اعتراضات بھی اٹھا رہی ہے اور اپنے موقف کو بھرپور انداز میں عوام کے سامنے رکھ بھی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4 اپریل کو گڑھی خدا بخش میں ایک بہت بڑا عوامی اجتماع ہے، جس میں ملک بھر اور بالخصوص سندھ بھر کے تمام اضلاع سے عوام کی ایک بڑی تعداد وہاں موجود ہوگی اور اس پر ہماری لیڈرشپ بات کرے گی اور ہم چاہیں گے کہ اس وقت سندھ کے عوام کی ایک بڑی تعداد وہاں موجود ہو۔ سعید غنی نے کہا کہ ہمارے مخالفین بلا جواز آج ہم پر تنقید کرتے ہیں کہ ہم کینالز کے اشیوز پر بات نہیں کرتے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ۔کینالز کے اشیوز پر سب سے پہلے آواز ہم نے اٹھائی تھی اور بات ہم نے شروع کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کینالز کا کسی کو معلوم ہی نہیں تھا ہم نے عوام کو بتایا کہ کینالز بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کینالز پر قانونی اور آئینی اعتراضات جن فورم پر اٹھائے جاسکتے ہیں اس پر سندھ حکومت نے وہ اعتراضات اتھائے۔ خود وزیر اعلٰی سندھ نے اس پر وفاق کو خطوط لکھے۔ وزیر آبپاشی سندھ نے اس پر بات کی۔ نثار احمد کھوڑو جو اس کمیٹی کے ممبر ہیں انہوں نے وہاں بھرپور آواز اٹھائی۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم وہ لوگ ہیں، پیپلز پارٹی وہ ہے، سندھ حکومت ہے جس نے اس اشیو کو عوامی اشیو بنایا اور اس کو عوام کے سامنے لائے ہیں، جس کے بعد عوام کو معلوم ہوا کہ سندھ کے عوام کے ساتھ، سندھ کے پانی کے ساتھ یہ زیادتی ہونے جارہی ہے جس کے بعد سندھ کے عوام اور دیگر جماعتوں نے اس پر آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کو بھی خوش آئند سمجھتے ہیں، ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ سندھ کی تمام جماعتیں جو اس پر احتجاج کررہی ہیں وہ ٹھیک کررہی ہیں۔ لیکن ہم پر جو اعتراضات اٹھائے جارہے ہیں وہ غلط اٹھائے جارہے ہیں۔ اس وقت اس پر بجائے اس کے کہ سندھ کی سیاسی جماعتیں، سندھ کے لوگ تقسیم ہوں ہمیں ایک ہونا چاہیے۔ سیاسی اور نظریاتی اختلافات سے بالاتر ہوکر سندھ کے مفادات پر بات کرنا چاہیے اور ایک آواز ہوکر بات کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کینالز کے معاملے پر اعتراضات کررہے ہیں ان کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جو لوگ سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں ان کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ اشیو اس بات کا متقاضی ہے کہ سندھ میں بلا تفریق اس بات کی جائے کیونکہ اشیو سندھ کے شہروں کا بھی ہے، یہ دیہات کا بھی ہے، یہ زمین کاشت کرنے والے کاشتکاروں کا بھی ہے، یہ سندھ کے لوگ جو پانی پیتے ہیں ان کا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشیو پنجاب کے کاشتکاروں کا بھی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی اور خود صدر پاکستان آصف علی زرداری نے جوائنٹ سیشن میں خود اپنا موقف کا اظہار کیا جس پر ان پر اعتراضات اٹھائے جارہے تھے اس پر انہوں نے واضح طور پر اپنی بات سب کے سامنے رکھی اور یہ بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے لے کر کارکنان اس اشیو پر ایک آواز ایک ہیں اور ہم اس پر بھرپور انداز میں اس پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس اشیو پر ہم 4 اپریل کو گڑھی خدا بخش کے جلسہ میں بھی آواز اٹھائیں گے، اس سے پہلے اور اس کے بعد بھی اٹھائیں گے اور سندھ کے پانی پر جو ایک ڈاکہ پڑنے جارہا ہے اس کو نہیں پڑنے دیں گے اور اس کو روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج اس افطار پارٹی کے موقع پر اپنے شہید کارکنوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرنا چاہتا ہوں۔۔ہمارے یوسی کے صدر شہید فائق کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں کہ اللہ تعالٰی ان کی مغفرت فرمائے اور نہ صرف ان کے قاتلوں کو گرفتار کروائیں گے بلکہ ان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ڈلوائیں گے اور جن لوگوں نے ہمارے کارکنوں کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کی ہے اور ایک ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان اس طرح مارے جائیں گے اور ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہوگا اب ایسا نہیں ہوگا۔ ان سانحات پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے بہت زیادہ نوٹس لیا ہے، سندھ حکومت نے اس کا نوٹس لیا ہے اور انشاء اللہ قاتلوں کو پکڑیں گے بھی اور ان کو سزا بھی دلوائیں گے۔


