ٹانک(ایچ آراین ڈبلیو)ایف سی کےتین جوانوں کے بہیمانہ قتل میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک کی شناخت محمد علی کے نام سے ہوئی ہے، جو ایف سی اہلکاروں کی شہادت میں براہِ راست ملوث تھا۔
کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر شاہ زیب جرار بیٹنی شدید زخمی ہو گیا، جو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
جائے وقوعہ سے سیکیورٹی فورسز نے جدید اسلحہ، تھرمل سائٹس، موٹورولا سیٹ، چار موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن پوری قوت سے جاری ہے اور ملک کے محافظوں پر حملہ کرنے والے عناصر کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔


