کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرگئی جس کے نتیجے میں اب تک 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ لیاری کے علاقے بغدادی میں جمعہ کی صبح 5 منزلہ عمارت گرگئی جو مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے اور کئی زخمی ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور 5 افراد کو زخمی حالت میں اور 7 لاشیں نکالی گئی ہیں، عمارت کے ملبے تلے مزید 25 سے 30 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جن کو ملبے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم موبائل سگنل بند ہونے سے ریسکیو سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو کا بتانا ہےکہ عمارت میں 6 خاندان رہائش پزید تھے اور ملبے تلے دبے مزید لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہیوی مشینری سے ملبے کو ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ گرنے والی عمارت کے ساتھ جڑی 2 اور 7 منزلہ عمارت کو بھی خالی کروالیا گیا ہے، ریسکیو حکام نے متاثرہ عمارت کی بجلی اور گیس کی لائنوں کو کاٹ دیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق راستوں کی بندش کے باعث بھی ہیوی مشینری کے پہنچنے میں تاخیر ہوئی تاہم حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردی تھیں۔
ترجمان محکمہ بلدیات کے مطابق عمارت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کیلئےاعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو 3 دن کے اندر کوتاہی برتنے والے افسران کی نشاندہی کرےگی۔
ترجمان کا کہناہےکہ وزیربلدیات نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ تحقیقات کی جارہی ہیں کہ مخدوش عمارت پر رہائشیوں کو نوٹس کیوں نہیں دیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کراچی میں رہائشی عمارت گرنے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا-وزیراعظم کا حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی بلندیٔ درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی-وزیراعظم کی عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو بچانے کے حوالے سے ریسکیو آپریشن تیز تر کرنے کی ہدایت دی-


