واشنگٹن(ایچ آراین ڈبلیو)امریکی سینیٹ کے بعد ایوان نمائندگان نے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹیکس اوراخراجات کابل پاس کردیا۔ صدر ٹرمپ کا ٹیکس اور اخراجات سے متعلق بگ بیوٹی فل بل امریکی ایوان نمائندگان نے منظور کرلیا۔بل کے حق میں 218 اور مخالفت میں 214 ووٹ پڑے۔اب یہ بل دستخط کے لیے صدر ٹرمپ کو بھیجا جائے گا۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ بل پر جمعے کو شام 5 بجے دستخط کریں گے۔اس سے قبل یہ بل امریکی سینیٹ میں بھی صرف ایک ووٹ کی برتری سےپاس ہوچکاہے۔بل کےمنظورہونےکےبعد امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ بگ بیوٹی فل بل کی منظوری پر کانگریس کو مبارکباد دیتاہوں، بل کے ذریعے معیشت تیزی سے ترقی کرےگی۔
ٹرمپ نےکہا کہ میرا پہلا دورحکومت انتہائی کامیاب رہا، دوبارہ منتخب ہونے کے بعد معیشت ترقی کر رہی ہے۔اس بل کی منظوری کے ساتھ ہی ٹرمپ کی کئی اہم داخلی پالیسیوں کو قانون کا درجہ مل جائے گا جبکہ اس سے ملکی قرض میں مزید 3.3 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوگا۔
اس قانون کے تحت ٹرمپ کی جانب سے 2017 میں دی گئی ٹیکس کٹوتیوں میں توسیع کی جائے گی، ٹِپس اور اوورٹائم آمدن پر نئے ٹیکس ریلیف دیے جائیں گے۔اس کے علاوہ فوجی اخراجات اور امیگریشن اداروں کے بجٹ میں اضافہ ہوگا جبکہ غریب افراد کے لیے صحت اور خوراک کی اسکیموں میں کٹوتی کی جائے گی۔


