عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں آج بھی سونے کی قیمت میں اضافہ

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں آج بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی سطح پر مہنگائی بڑھنے کے خدشات، مختلف ممالک کی اپنے سونے کے ذخائر بڑھانے کے لیے دھڑا دھڑ گولڈ کی خریداری سرگرمیوں کے باعث بین الاقوامی اور مقامی سطح پر سونے کی قیمتیں یومیہ بنیادوں پر نئے ریکارڈز بنارہی ہیں۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 16 ڈالر کے اضافے سے 3038 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی بدھ کو 24 قیراط کا حامل فی تولہ سونے کی قیمت 1650 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 19 ہزار روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی.

اس کے علاوہ فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1415 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 73 ہزار 491 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 3555 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 3047 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں